سیارہ باکس افس پر چھاگئی، 307 کروڑ کا رکارڈ بزنس

فہرستِ مضامین

ممبئی ( شوبز نیوز ) بالی ووڈ کی حال ہی میں بغیر سپر اسٹار کے رلیز ہونے والی فلم سیارہ نے ایک اور رکارڈ اپنے نام کرلیا ہے، فلم 300 سے زائد کروڑ کا بزنس کرکے سال 2025 کی دوسری بڑی فلم بن گئی ہے۔

انڈیا میں سینما گھروں سے لے کر سوشل میڈیا تک راج کرنے والی اس فلم کو 18 جولائی کو  یش راج فلمز کے تحت رلیز  کیا گیا، فلم کے مرکزی کردار نئے چہرے ہیں، ہیرو کا کردار ( کرش کپور) اہان پانڈے نے ادا کیا ہے،  ہیروئن (وانی) کا کردار انیت پڈا نے ادا کیا ہے ۔

موہت سوری کی رومانٹک ڈرامہ فلم ’سیارہ‘ توقعات کے برعکس باکس آفس پر بلاک بسٹر ثابت ہوئی، فلم نے صرف اٹھارہ دنوں میں 307 کروڑ کا بزنس کرکے فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد کو حیران کر دیا ہے۔

رواں سال سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلموں میں سیارہ کا دوسرہ نمبر ہے، پہلے نمبر پر وکی کوشال کی فلم چھاوا ہے، جو 615 کروڑ کا بزنس کرکے پہلے نمبر پر موجود ہے۔

سیارہ کا کورین فلم سے موازنہ

’سیارہ‘ میں ہیروئن (وانی) کا کردار انیت پڈا نے ادا کیا ہے اور اُن میں بھی الزائمر کی تشخیص ہوتی ہے اور وہ اس بیماری کے ساتھ جدوجہد کر رہی ہوتی ہیں۔ وہ کوریائی فلم کی طرح ٹوٹے ہوئے رشتے سے بھی نکلنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ یہی وہ گہری مماثلت ہے جس کی وجہ سے بہت سے لوگ ‘سیارہ’ کو ‘اے مومنٹ ٹو ریمیمبر’ کا ری میک کہہ رہے ہیں۔

کورین فلم ‘اے مومنٹ ٹو ریمِیمبر’ میں کہانی کے آغاز میں ہیرو اور ہیروئن کی شادی ہو جاتی ہے اور اس کے بعد ہی سو جن کو الزائمر کی تشخیص ہوتی ہے۔ اور پھر کہانی اسی جدوجہد کے گرد گھومتی ہے۔ ایک شوہر جو اپنی بیوی کی یادوں کو مٹتا اور آہستہ آہستہ اس سے دور ہوتا ہوا دیکھ رہا ہے لیکن پھر بھی اسے تھامے ہوئے ہے۔

دوسری طرف ’سیارہ‘ میں کہانی کی سمت کچھ مختلف ہے۔ جہاں ’اے مومنٹ ٹو ریمیمبر’ ایک بالغ جوڑے کی جذباتی جدوجہد کو ظاہر کرتا ہے وہیں ’سیارہ‘ نوجوان محبت کی معصومیت کے ساتھ گھل مل جاتی ہے۔

یہاں ہیروہیروئن کِرش اور وانی کا رشتہ آہستہ آہستہ بڑھتا ہے اور فلم کے آخری حصے میں دونوں کی شادی ہو جاتی ہے۔

موہت سوری کی شاندار پیش کش

فلم سیارہ کو موہت سوری نے ڈائریکٹ کیا ہے، تقریباً دو دہائیوں میں 13 فلموں کی ہدایتکاری کرنے والے موہت سوری کی کسی دوسری فلم نے ماضی میں اس نوعیت کی کامیابی حاصل نہیں کی ہے۔

موہت سوری، رومانس، درد اور سنسنی کو یکجا کرنے کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔ وہ مشہور فلم ڈائریکٹر مہیش بھٹ اور مکیش بھٹ کے بھتیجے ہیں۔ انھوں نے بطور ہدایت کار اپنے سفر کا آغاز سنہ 2005 میں بھٹ فلمز کی فلم ’زہر‘ سے کیا۔ فلم کے ہیرو ان کے کزن عمران ہاشمی تھے۔

ریتک روشن سے موازنہ

سیارہ سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والے آہان پانڈے کا موازنہ ریتک روشن سے کیا جا رہا ہے، جنھوں نے 25 سال قبل ریلیز ہونے والی سپر ہٹ فلم ’کہو نا پیار ہے‘ سے ڈیبیو کیا تھا۔

فلم میں ہیروئن کا کردار ادا کرنے والی انیت پڈا  کا تعلق امرتسر سے ہے، وہ اداکاری میں آنے سے پہلے ماڈلنگ کرتی تھیں اور کئی اشتہاری فلموں میں بھی نظر آ چکی ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں