بھارتی میڈیا کے مطابق نانا پاٹیکر کو جمعرات کی صبح گوا میں واقع اپنی رہائش گاہ پر شدید سینے میں درد کے بعد طبی امداد کی ضرورت پڑی، جہاں وہ بے ہوش پائے گئے۔ انہیں فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹرز کی تقریباً 45 منٹ تک کوششوں کے باوجود انہیں بچایا نہ جا سکا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق اداکار کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی اور صبح تقریباً 5 بج کر 20 منٹ پر ان کی موت کی تصدیق کی گئی۔
نانا پاٹیکر کے بیٹے ملہار پاٹیکر کے مطابق اداکار کی طبیعت خراب ہونے پر طبی ٹیم کو ان کی رہائش گاہ پر بھیجا گیا تھا۔ ٹیم کے پہنچنے پر وہ بے ہوش تھے، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
نانا پاٹیکر کا اصل نام وشواناتھ پاٹیکر تھا۔ وہ ہندی اور مراٹھی سینما کے ان فنکاروں میں شمار ہوتے تھے جنہوں نے تقریباً پانچ دہائیوں پر محیط کیریئر میں سنجیدہ، مزاحیہ اور پیچیدہ کرداروں کے ذریعے اپنی منفرد پہچان بنائی۔
انہوں نے 1978 میں فلم ’گمن‘ سے فلمی سفر کا آغاز کیا اور بعد ازاں ’پرندہ‘، ’کرانتی ویر‘، ’سلام بمبئی!‘، ’خاموشی: دی میوزیکل‘، ’اب تک چھپن‘، ’ویلکم‘ اور دیگر کئی معروف فلموں میں یادگار کردار ادا کیے۔
نانا پاٹیکر کو شاندار اداکاری پر تین نیشنل فلم ایوارڈز سے نوازا گیا، جبکہ 2013 میں انہیں بھارت کے سول اعزاز پدم شری سے بھی نوازا گیا۔
ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد بھارتی فلمی دنیا میں سوگ کی فضا ہے اور مختلف شخصیات کی جانب سے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔