پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ شادی سے محض 12 روز قبل وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئی تھیں اور خودکشی کرنے کے بارے میں سوچنے لگی تھیں۔
حالیہ انٹرویو میں مومنہ اقبال نے شادی سے قبل پیش آنے والی مشکلات اور رکنِ صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ کے ساتھ جاری تنازع پر گفتگو کی۔
اداکارہ کے مطابق، نجی مواد منظرِ عام پر آنے کے خدشے نے انہیں شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا تھا۔ اس دوران وہ جذباتی طور پر اس قدر ٹوٹ گئی تھیں کہ اپنی زندگی ختم کرنے کے بارے میں سوچنے لگی تھیں۔
مومنہ اقبال نے بتایا کہ اس مشکل وقت میں انہیں یہ خوف بھی لاحق تھا کہ حمزہ انہیں چھوڑ دیں گے، تاہم ان کے منگیتر نے بھرپور ساتھ دیا اور حالات کا سامنا کرنے کے لیے حوصلہ اور طاقت فراہم کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ منگیتر کی حمایت نے انہیں اس کڑے وقت سے گزرنے میں مدد دی۔