کراچی: شاہ فیصل کالونی نمبر 4 میں دو روز قبل ایک شہری کے چھری کے وار سے قتل کا واقعہ پیش آیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔
سی سی ٹی وی مناظر میں مقتول اور ملزم ارشد کو اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ گلی میں جھگڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس دوران ملزم ارشد کو راہگیر اور علاقے کے لوگ روکنے کی کوشش کرتے رہے، تاہم وہ نہ رکا۔
فوٹیج کے مطابق ملزم نے مقتول شان پر پے در پے چھری کے وار کیے اور اسے سرعام قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق مقتول شاہ فیصل کالونی نمبر 4 کا رہائشی تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم ارشد بٹ کو گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے آلہ قتل چھری بھی برآمد کر لی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مقتول اور گرفتار ملزم دونوں آئس نشے کے عادی تھے۔ واقعہ نشے کی حالت میں جھگڑے کے دوران پیش آیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ اصل محرکات سامنے آ سکیں۔