ممبئی ( شوبز نیوز ) بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سُنیتا آہوجا نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق حالیہ افواہوں پر خاموشی توڑتے ہوئے واضح طور پر کسی بھی قسم کے اختلاف یا علیحدگی کی خبروں کی تردید کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں نے اپنے گھر پر منعقدہ گنیش چترتھی کی تقریبات کے دوران ایک ساتھ شرکت کی، جس سے اُن افواہوں کو مکمل طور پر رد کر دیا گیا جن میں کہا جا رہا تھا کہ دونوں کے درمیان طلاق ہونے والی ہے۔
شرم کرو بھائی
وائرل بھیانی سے گفتگو کرتے ہوئے سُنیتا آہوجا نے کہا آج ہمیں ساتھ دیکھنے کے بعد شرم کرو بھائی ایسی بات بولنے کے لیے۔ اتنے قریب جو ہم کھڑے تھے، ایک دوسرے کے ساتھ، ایسا لگتا بھی ہے کیا کہ ہم الگ ہوں گے؟ کبھی نہیں۔ جب تک ہم خود کچھ نہ بولیں، تب تک براہِ کرم افواہوں پر یقین نہ کریں۔
اس موقع پر ان کے بیٹے یشوردھن آہوجا بھی موجود تھے، اور پورا خاندان میڈیا نمائندوں میں مٹھائیاں تقسیم کرتا دکھائی دیا۔ گووندا نے سرخ کُرتا زیب تن کیا ہوا تھا جبکہ سُنیٹا نے جامنی رنگ کی ساڑھی پہنی، اور دونوں کی باہمی ہم آہنگی نمایاں نظر آئی۔
گووندا اور سُنیٹا کی شادی کو تین دہائیوں سے زائد عرصہ گزر چکا ہے۔ انہوں نے کئی سال تک اپنی شادی کو خفیہ رکھا تھا اور پہلی بار اس کا انکشاف اپنی بیٹی ٹینا آہوجا کی پیدائش (1989) کے بعد کیا۔
ان کے بیٹے یشوردھن آہوجا کی پیدائش 1997 میں ہوئی۔ جہاں ٹینا نے اداکاری کے شعبے میں قدم رکھا، وہیں یشوردھن بھی جلد ایک فلم سے بالی ووڈ میں ڈیبیو کرنے جا رہے ہیں۔
طلاق کا مقدمہ
اس کے قبل بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ سنیتا آہوجا نے دسمبر 2024 میں بینڈرا فیملی کورٹ میں گووندا کے خلاف طلاق کا مقدمہ دائر کیا تھا، مقدمہ ہندو میرج ایکٹ 1955 کے تحت دائر کیا گیا، جس میں بدکاری، ظلم، اور علیحدگی کو بنیاد بنایا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے اداکار گوندہ کو 25 مئی 2025 کو طلب کیا تھا، اور جون 2025 سے دونوں کورٹ کے مقرر کردہ مشورہ رہے ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سنیتا باقاعدگی سے عدالت آرہی ہیں، مگر گوندہ اکثر سماعتوں سے غیر حاضر رہتے ہیں۔
38 سالہ شادی شدہ زندگی کے بعد گوندہ اور سنیتا کے درمیان دوری، قانونی کارروائی، اور الزامات نے ان کے مداحوں کو حیرت اور اداسی میں مبتلا کر دیا ہے۔ اگرچہ قریبی لوگ ان کی صلح کی امید رکھتے ہیں، لیکن موجودہ حالات کچھ اور کہانی سنا رہے ہیں۔
گووندا اور سنیتا کی شادی
گووندا ارجن آہوجا اور سنیتا آہوجا کی شادی 1987 میں ہوئی تھی اور انہیں دو بچے بھی ہیں، جن میں ایک بیٹی ٹینا آہوجا اور ایک بیٹا یشوردن آہوجا شامل ہیں۔
گووندا کی عمر 60 سال کے قریب ہے اور ان کا شمار ماضی کے مقبول اور مصروف بھارتی اداکاروں میں ہوتا ہے، انہیں ڈانس اور کامیڈی فلموں کی وجہ سے شہرت حاصل رہی۔
مینیجر کا رد عمل
بالی ووڈ اداکار گووندا کے قریبی ساتھی اور مینیجر ششی نے اس تمام معاملے پر رد عمل میں بھارتی اخبار ھندستان ٹائمز کو بتایا تھا کہ ہر جوڑے میں جھگڑے ہوتے ہیں، میڈیا نے بات کو ضرورت سے زیادہ بڑھا دیا ہے۔
ان کے مطابق اداکار گووندا ایسا انسان ہے جو کسی پر ہاتھ نہیں اٹھا سکتا، نہ ہی چیخ سکتا ہے، تو یے ظلم جیسے الزامات کہاں سے آگئے؟، مینیجر ششی کے مطابق انہوں نے گووندا کے ساتھ قریب سے کام کیا ہے، وہ ایسا انسان بلکل نہیں ہے، جیسی اب ان کی تصویر بنادی گئی ہے۔
ششی کا کہنا ہے کہ جیسے گووندا عدالت میں پیش نہیں ہوئے، ویسے ہی سونیتا بھی صرف ایک بار عدالت گئی تھیں، جب انہوں نے مقدمہ دائر کیا تھا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دونوں میاں بیوی کے درمیان جھگڑے ہوتے ہیں، لیکن وہ عام میاں بیوی کی طرح انہیں حل کر لیتے ہیں اور اس وقت وہ دونوں اپنے بچوں پر توجہ دے رہے ہیں۔
پرتشدد جھگڑوں کا دعویٰ
بھارتی شوبر ویب سائیٹ بولی ووڈ شادیز کے مطابق جوڑے کے قریب ذرائع نے بتایا ہے کہ وہ کئی بار گووندا اور سنیتا کے پرتشدد جھگڑوں کے گواہ رہ چکے ہیں۔ قریبی ذرائع کے مطابق بیوی سے ہر جھگڑے کے بعد گووندا کچھ دن کے لیے اپنے دوسرے بنگلے میں چلے جاتے ہیں اور حالات نارمل ہونے پر واپس آجاتے ہیں۔