متحدہ عرب امارات میں فلائی دبئی کی اسرائیل جانے والی پرواز میں مبینہ ہائی جیکنگ کی کوشش کرنے والے شریک پائلٹ حمام الحَمّامی کو سزائے موت دیے جانے کا امکان ہے۔
اسرائیلی ویب سائٹ وائے نیٹ نے ایک سینئر اماراتی ذریعے کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حمام الحَمّامی کو طیارے میں سوار افراد کو ہلاک کرنے کی مبینہ کوشش کے الزام میں سخت ترین سزا کا سامنا ہوسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی انٹیلی جنس حکام اور ہوا بازی کے ماہرین بھی تحقیقات میں اماراتی حکام کے ساتھ شامل ہوگئے ہیں۔ واقعے کی تحقیقات میں سعودی، عمانی اور امریکی حکام کی شرکت کی بھی اطلاعات ہیں۔
واقعہ کیا تھا؟
30 ستمبر کو دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 1073 میں دورانِ پرواز شریک پائلٹ نے کپتان پر حملہ کرکے طیارے کا کنٹرول سنبھالنے کی مبینہ کوشش کی۔ اماراتی حکام نے بعد میں واقعے کو دہشت گرد حملے کی کوشش قرار دیا تھا۔
حملے کے دوران طیارہ اچانک ہزاروں فٹ نیچے آیا، تاہم زخمی کپتان نے کاک پٹ کا دروازہ کھولنے میں کامیابی حاصل کی، جس کے بعد مسافروں اور عملے نے مبینہ حملہ آور کو قابو کرلیا۔
بعد ازاں طیارے میں موجود آف ڈیوٹی پائلٹس نے کنٹرول سنبھالا اور پرواز کو سعودی عرب کے شہر تبوک میں بحفاظت اتار لیا گیا۔ پرواز میں 170 سے زائد افراد سوار تھے۔
تازہ رپورٹس کے مطابق تحقیقات میں یہ الزام بھی سامنے آیا ہے کہ شریک پائلٹ مبینہ طور پر طیارے کو اسرائیل میں واقع بن گوریون ایئرپورٹ کی جانب لے جانے کا منصوبہ رکھتا تھا، تاہم اس بارے میں تحقیقات ابھی جاری ہیں۔