شکیرا ٹیکس فراڈ کیس میں بری، اسپین کی عدالت کا بڑا فیصلہ

فہرستِ مضامین

ہسپانوی عدالت نے معروف کولمبین گلوکارہ شکیرا کو ٹیکس فراڈ کے مقدمے میں بری قرار دے دیا ہے، جس کے بعد ان کے خلاف تمام بڑے الزامات ختم ہو گئے ہیں۔

خبر ایجنسیوں کے مطابق اسپین کی ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ شکیرا کو پہلے ادا کیے گئے جرمانوں کی مد میں 6 کروڑ یورو سے زائد رقم سود سمیت واپس کی جائے۔

عدالتی دستاویزات میں بتایا گیا کہ شکیرا پر 2012 سے 2014 کے دوران ٹیکس چوری کے الزامات تھے، تاہم عدالت نے شواہد کی بنیاد پر انہیں بے قصور قرار دے دیا۔

استغاثہ کا مؤقف تھا کہ اس دوران شکیرا اسپین میں رہائش پذیر تھیں لیکن انہوں نے خود کو بیرونِ ملک رہائشی ظاہر کر کے تقریباً 1 کروڑ 45 لاکھ یورو ٹیکس ادا نہیں کیا۔

اسپین کے قوانین کے مطابق اگر کوئی شخص 6 ماہ سے زیادہ ملک میں رہے تو اسے ٹیکس کے لحاظ سے مقامی رہائشی تصور کیا جاتا ہے۔

شکیرا نے ہمیشہ ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس عرصے میں ان کی آمدنی زیادہ تر عالمی میوزک ٹورز سے تھی اور وہ طویل وقت اسپین سے باہر رہیں۔

اس سے قبل شکیرا نے استغاثہ کے ساتھ ایک معاہدہ بھی کیا تھا جس کے تحت انہوں نے 75 لاکھ یورو جرمانہ ادا کیا تھا، جبکہ ان کے خلاف ممکنہ 8 سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا بھی ختم کر دی گئی تھی۔

گلوکارہ شکیرا نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ انہوں نے یہ فیصلہ اپنے بچوں کے بہتر مستقبل اور مفاد میں کیا تھا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں