رپورٹ: حیدر میرانی
سکھر کی عدالت نے شکارپور کے شہری کو بلیک میل کرنے کے الزام میں کراچی سے گرفتار کیے گئے ٹک ٹاکر جنید جانی کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا ہے۔
ایف آئی اے سکھر سائبر کرائم ٹیم نے آج جانی کو سول جج سکھر عبدالحمید خلجی کی عدالت میں پیش کیا۔
سائبر کرائم ٹیم کی جانب سے تفتیشی افسر الطاف حسین سوڈھر پیش ہوئے اور ٹک ٹاکر کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
عدالت نے جنید جانی کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا۔
سکھر کے وکلاء ذوالفقار ملانو، آغا سورت، عبدالصمد نوناری، سرتاج حیدر، الطاف شاہ اور دیگر نے جنید جانی کی طرف سے عدالت میں وکالت نامہ جمع کرایا۔
عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد جنید جانی کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ عدالت کی جانب سے منظور شدہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد ملزم کو ایف آئی اے کورٹ سکھر میں پیش کیا جائے گا۔
لگتا ہے میں بھی مارا جاؤں گا
عدالت میں پیشی کے وقت جنید جانی نے کہا کہ مجھے صحافی نصراللہ گڈانی کی طرح مار دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وڈیرے اور سردار مجھے قتل کروانا چاہتے ہیں۔ وکلا برادری میری مدد کرے اور انصاف دلائے۔
یاد رہے کہ جنید جانی کو گزشتہ روز ایف آئی اے سکھر کی ٹیم نے کراچی پولیس کی مدد سے اصفہانی روڈ سے ڈرامائی انداز میں گرفتار کیا تھا۔
شکارپور کے رہائشی عبدالصبور میمن نے جنید جانی کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی تھانے سکھر میں مقدمہ درج کرایا تھا۔
عبدالصبور میمن نے ایف آئی آر میں الزام لگایا کہ ٹک ٹاکر بشیر عرف جنید جانی نے انہیں بلیک میل کرتے ہوئے ان سے 44 لاکھ کی رقم وصول کی، اور ان کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں۔
مقدمہ درج ہونے کے بعد ایف آئی اے کے انسپکٹر امیر علی کھوسو نے کراچی پولیس کی ٹیم کے ہمراہ کراچی کے علاقے اصفہانی روڈ سے ٹک ٹاکر جنید جانی کو گرفتار کرلیا۔
ٹک ٹاکر نے گرفتاری وقت اہلکار پر حملہ کیا
جنید جانی نے گرفتاری کے وقت مزاحمت کرتے ہوئے مبینہ طور پر ایک تیز دھار اوزار سے ایک اہلکار پر حملہ کر کے زخمی کردیا اور خود کو بھی زخمی کیا۔
ان کے خلاف ایک اہلکار پر حملے کا ایک اور مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں ٹک ٹوکر جنید جانی کے ساتھ ریشماں نامی خاتون کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ جنید جانی کے ساتھ فہمیدہ، غزل اور کائنات کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
جنید جانی کو ایف آئی اے سکھر اور کراچی کے تھانہ مبینہ ٹاؤن کی پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔