پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر کو طبیعت اچانک بگڑنے پر فوری طور پر قائداعظم انٹرنیشنل اسپتال راولپنڈی میں داخل کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صبا قمر کو آئی سی یو میں رکھا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے فوری طور پر ان کی اینجیوگرافی اور دیگر ٹیسٹ کیے۔
ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ جب صبا قمر کو اسپتال لایا گیا تو ان کی حالت تشویشناک تھی، اگر بروقت طبی امداد نہ دی جاتی تو یہ زندگی اور موت کا معاملہ بن سکتا تھا۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بروقت علاج اور مکمل نگرانی کے بعد صبا قمر کی طبیعت میں بہتری آئی ہے اور انہیں آئی سی یو سے وی آئی پی روم منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذہنی دباؤ نے اسپتال پہنچایا؟
میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ صبا قمر ایک بڑے پروجیکٹ پر مسلسل کام کر رہی تھیں اور شدید ذہنی دباؤ اور تھکن کا شکار تھیں، ان کی حالت زیادہ کام اور نیند کی کمی کے باعث مزید خراب ہوئی۔
اب صبا قمر کی حالت بہتر ہے اور انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں نے انہیں کچھ ہفتے آرام کرنے اور جسمانی محنت سے پرہیز کی ہدایت کی ہے تاکہ مکمل صحت یابی ممکن ہو سکے۔
اداکارہ صبا قمر نے انسٹاگرام پر ڈاکٹروں کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کی ہے اور مداحوں کے پیار اور محبت کے اظہار پر شکریہ ادا کیا ہے۔
اپنی انسٹا اسٹوری میں صبا قمر نے اپنی صحت کے بارے میں اپڈیٹ دیتے ہوئے لکھا:
“سب کے پیار اور دعاؤں کا شکریہ، میں اب بالکل ٹھیک ہوں، بس تھوڑی سی سانس لی ہے۔”

صبا قمر نے مزید کہا:”میری واپسی ایسے ہوگی جیسے میں کہیں گئی ہی نہیں تھی، اور نہ ہی میں کہیں جا رہی ہوں۔”
اداکارہ کے مداحوں اور شوبز حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار جاری ہے۔
نیا پروجیکٹ اور ٹی وی پر واپسی
صبا قمر اپنے نئے ڈرامہ پروجیکٹ “پامال” کے ساتھ ٹی وی پر واپسی کر رہی ہیں۔ گرین انٹرٹینمنٹ کے اس ڈرامے میں وہ ایک ایسی عورت “ملکا” کا کردار نبھا رہی ہیں جو زندگی کی مشکلات کا بہادری سے مقابلہ کرتی ہے۔
اس ڈرامے میں بھی صبا قمر کو سماجی رسم و رواج کو چیلنج کرتے اور ان کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے دکھایا جائے گا۔
صبا قمر اس سے پہلے چیخ، باغی، فراڈ اور سنگت جیسے ڈراموں میں مشکل کردار ادا کر کے اپنی اداکاری کی صلاحیت منوا چکی ہیں۔ وہ ہمیشہ ایسے ڈراموں اور کرداروں کو ترجیح دیتی ہیں جو روایات سے ہٹ کر ہوں۔
صبا قمر کے سوشل میڈیا پر 62 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں، اور ان کے نئے ڈرامے کے ٹیزر کے ریلیز ہوتے ہی مداحوں نے اس کی خوب تعریف کی ہے۔
صبا قمر نے خود بھی اپنے نئے ڈرامے کی تعریف کرتے ہوئے کہا:
“میں عورتوں سے کہوں گی کہ وہ ‘پامال’ ضرور دیکھیں، کیونکہ یہ کوئی روایتی رومانوی کہانی نہیں ہے۔”
ان کا کہنا تھا کہ یہ ڈرامہ ان عورتوں کے لیے ہے جو معاشرے کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش میں اپنا وجود اور پہچان کھو بیٹھتی ہیں۔