شرم الشیخ میں غزہ جنگ بندی معاہدے پر دستخط کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اہم پریس کانفرنس کے دوران پاکستان اور بھارت سے متعلق ایک اور قابلِ ذکر بیان دے دیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت بہترین ہمسائے بن کر رہیں، اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان امن پوری دنیا کے مفاد میں ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران صدر ٹرمپ نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی جانب دیکھتے ہوئے انہیں “عظیم رہنما” قرار دیا۔ جواباً وزیراعظم شہباز شریف نے مسکراتے ہوئے کہا: “ہم نے بھارت کے 7 طیارے گرائے تھے”، جس پر ہال میں ہلکی سی مسکراہٹ دیکھی گئی۔
اس موقع پر صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو “میرا فیورٹ فیلڈ مارشل” قرار دے کر پاکستانی عسکری قیادت کی تعریف کی۔
قبل ازیں آج صدر ٹرمپ نے ائیر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ماضی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ کو انہوں نے ٹیرف اور تجارت کے ذریعے روکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ کوشش کی کہ جنوبی ایشیا میں کشیدگی کم ہو اور ترقی کو موقع ملے۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ اس سے پہلے بھی متعدد مواقع پر پاک بھارت کشیدگی میں کمی کا کریڈٹ لیتے رہے ہیں، خاص طور پر فروری 2019 کے بعد کے حالات میں۔