لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق معاملہ جب پارلیمنٹ میں آئے گا تو مسلم لیگ ن اپنا پالیسی مؤقف پیش کرے گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر عوام نئے صوبوں کے قیام کی خواہش رکھتے ہیں تو انہیں کوئی نہیں روک سکتا، تاہم عوام کی رائے اور صوبوں کے قیام کا فیصلہ پارلیمنٹ میں ہونا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر نے پارلیمنٹ میں صوبوں کے حوالے سے ایسی کوئی بات نہیں کی۔ صوبوں سے متعلق بحث پارلیمنٹ میں ہی نتیجہ خیز ہوسکتی ہے، جبکہ اقتصادی فورم یا سیمینار میں اس معاملے پر ہونے والی بحث فیصلہ کن نہیں ہوگی۔
رانا ثناء اللہ کے مطابق مسلم لیگ ن میں نئے صوبوں کے حوالے سے مشاورت جاری ہے، پارٹی ضلعی اور یونین کونسل کی سطح پر کارکنوں کی رائے اور سوچ کو بھی مدنظر رکھے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ نئے صوبے بننے یا نہ بننے کا معاملہ پارلیمنٹ نے طے کرنا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان حالیہ عرصے میں تلخیاں کم ہوئی ہیں۔ جماعت اسلامی سے ملاقات میں بھی درخواست کی ہے کہ وہ اپنا لانگ مارچ ایک، دو ہفتے مؤخر کردیں۔