عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی کے بعد پاکستان میں بھی آئندہ پندرہ روزہ جائزے کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق 18 جولائی سے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 40 روپے فی لیٹر تک جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر تک اضافے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس اضافے کی بنیادی وجہ ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں آنے والا اضافہ بتایا جا رہا ہے۔
تاہم حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ عوام پر مالی بوجھ کم رکھنے کے لیے حکومت پیٹرولیم لیوی میں کمی جیسے اقدامات پر بھی غور کر رہی ہے، تاکہ قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے اثرات کو کسی حد تک محدود کیا جا سکے۔
ادھر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
نیشنل کمیٹی آن مانیٹرنگ اینڈ کوآرڈینیشن نے بعض عناصر کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کا نوٹس لیتے ہوئے اوگرا کو ہدایت کی ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ مارکیٹ میں سپلائی متاثر نہ ہو اور عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔