عباس عراقچی کا اسلام آباد سے رابطہ، خطے کی صورتحال زیرِ بحث

فہرستِ مضامین

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خطے کی کشیدہ صورتحال اور جاری جنگ بندی کے معاملات پر پاکستان کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں۔

ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق عباس عراقچی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آرمی چیف عاصم منیر سے علیحدہ علیحدہ گفتگو کی، جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور جنگ بندی سے متعلق پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھی اس رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی گفتگو میں پاک-ایران تعلقات، علاقائی کشیدگی اور جنگ بندی کے امور زیر بحث آئے۔

ترجمان کے مطابق اسلام آباد کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی رابطوں پر بھی بات چیت ہوئی، جبکہ اسحاق ڈار نے مسائل کے حل کے لیے مسلسل مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے فوری پیش رفت ناگزیر ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ایرانی وزیر خارجہ نے خطے میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے آئندہ بھی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی کو یقینی بنانے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں، اور اس سلسلے میں وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آرمی چیف عاصم منیر مختلف عالمی رہنماؤں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں