عزم و ہمت اور قربانی کی ایسی لازوال داستانیں دنیا بھر کی جمہوری تحریکوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں،سانحہ کارساز پر آصفہ بھٹوزرداری کا پیغام

فہرستِ مضامین

خاتونِ اول اور رکنِ قومی اسمبلی بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے سانحہ کارساز کو 18 سال مکمل ہونے پر ایک پُرعزم پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے جمہوریت کے لیے ان کی قربانیوں کو مشعلِ راہ قرار دیا۔

آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ شارعِ فیصل پر واقع کارساز کا مقام پاکستان میں جمہوریت کی لہو رنگ جدوجہد کا گواہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007 کو کراچی ایئرپورٹ سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت میں نکلنے والا قافلہ ایک تاریخ ساز لمحہ تھا، جس پر بزدل دشمنوں نے جمہوریت پر گھات لگا کر حملہ کیا لیکن وہ جمہوریت کے سفر کو نہ روک سکے۔

آصفہ نے کہا کہ دشمن نے اس روز دخترِ مشرق کو نشانہ بنایا، مگر ان کے جانثار ساتھیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اپنی قائد کو بچایا۔
انہوں نے کہا کہ کارساز پر جب جیالوں کی پہلی صف شہید ہوئی، تو دوسری صف آگے بڑھی اور 180 سے زائد کارکنوں نے جام شہادت نوش کیا۔

اپنے پیغام میں آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ قربانیاں دنیا بھر کی جمہوری تحریکوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور شہداء نے جمہوریت کی جدوجہد میں جرات کے بیج بوئے، جو آج بھی ہر تحریک میں پھول بن کر مہک رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کا خون ہمارے راستے کو تاریک نہیں بلکہ روشن کر گیا ہے۔

آخر میں انہوں نے عہد کیا کہ جب تک پاکستان کا ہر شہری آزاد اور برابر نہ ہو جائے، ہم شہدائے جمہوریت کے راستے پر آگے بڑھتے رہیں گے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں