پاکستانی کرکٹر عماد وسیم کی سابق اہلیہ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ثانیہ اشفاق کی نئی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں صارفین ان کی دوسری شادی کے حوالے سے قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔
ثانیہ اشفاق نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ سرخ رنگ کے روایتی عروسی لباس اور کندن کے زیورات میں ملبوس دکھائی دے رہی ہیں۔
ویڈیو میں وہ ڈب کی گئی آواز کے ساتھ ایک شخص سے پوچھتی ہیں، “میں کیسی لگ رہی ہوں؟” جس پر جواب سنائی دیتا ہے، “میری دلہن۔”
انہوں نے اس پوسٹ کے کیپشن میں صرف اتنا لکھا، “الحمدللہ… زندگی کے نئے باب کا آغاز۔” تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ آیا یہ واقعی ان کی دوسری شادی ہے یا کسی اور منصوبے کا حصہ۔
ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے انہیں مبارکباد دینا شروع کر دی، جبکہ متعدد افراد کا خیال ہے کہ ثانیہ اشفاق نے خاموشی سے دوسری شادی کر لی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال ثانیہ اشفاق اور قومی کرکٹر عماد وسیم کی علیحدگی کی خبریں سامنے آئی تھیں، جس کے بعد دونوں کے درمیان تنازعات بھی خبروں کی زینت بنے رہے۔
بعد ازاں عماد وسیم نے سوشل میڈیا انفلوئنسر نائلہ راجہ سے دوسری شادی کا اعلان کیا، جبکہ ثانیہ اشفاق نے سوشل میڈیا پر سابق شوہر پر بے وفائی، حمل کے دوران مشکلات اور دیگر معاملات سے متعلق کئی الزامات عائد کیے تھے۔
دوسری جانب عماد وسیم نے اپنی قانونی ٹیم کے ذریعے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا تھا اور ثانیہ اشفاق کو قانونی نوٹس بھی بھجوایا تھا۔ ان کا مؤقف تھا کہ اگر کسی کے پاس ان کے خلاف شواہد موجود ہیں تو وہ عدالت میں پیش کیے جائیں۔
اب ثانیہ اشفاق کی نئی ویڈیو نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے، تاہم ان کی جانب سے دوسری شادی کی باضابطہ تصدیق یا تردید تاحال سامنے نہیں آئی۔