عمران خان کو پرائیویٹ اسپتال کیوں؟ خواجہ آصف نے مخالفت کردی

فہرستِ مضامین

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو نجی اسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مخالفت کردی۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اگر ایک قیدی کو نجی اسپتال منتقل کیا جائے گا تو مستقبل میں دیگر قیدی بھی اسی نوعیت کا مطالبہ کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف سمیت دیگر رہنماؤں کو بھی علاج کے لیے سرکاری اسپتالوں میں منتقل کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک موقع پر ڈاکٹروں نے نواز شریف کے آپریشن کے دوران ایک پی ٹی آئی حامی ڈاکٹر کو موبائل فون سے ویڈیو بناتے ہوئے پکڑا تھا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ کے فیصلے میں حکومت کا مؤقف ریکارڈ کرانے کی کوئی گنجائش موجود ہوئی تو حکومت ضرور اپنا مؤقف پیش کرے گی۔

خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کے سابق دورِ حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ان کی جماعت کے ساتھ کس طرح کا رویہ اختیار کیا گیا اور کس قسم کی زبان استعمال کی گئی، یہ سب کے سامنے ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں