عمران خان کی جیل کتنی طویل ہوگی؟ بلاول کا بیان سامنے آگیا

فہرستِ مضامین

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کیا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف نے انتہا پسندی اور بائیکاٹ کی سیاست ترک نہ کی تو عمران خان جیل میں رہنے کے معاملے میں آصف علی زرداری کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔

ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی کی سیاسی حکمت عملی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسندی اور بائیکاٹ کی سیاست کی وجہ سے تحریک انصاف کے دیگر سیاسی قوتوں کے ساتھ اختلافات اور تنازعات پیدا ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاسی روایت رہی ہے کہ جو رہنما آج جیل میں ہوتا ہے، وہ کل اقتدار میں بھی آ سکتا ہے، تاہم اس کے لیے پی ٹی آئی کو اپنی انتہا پسندانہ سیاست ترک کرنا ہوگی۔

بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ منفی سیاست کے راستے پر چل رہے ہیں۔ ان کے مطابق کچھ روز قبل وفاقی حکومت خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے لیے تیار تھی، تاہم صوبے میں گورنر راج نافذ کرنا آخری آپشن ہوگا۔

دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ جو لوگ یونین کونسل کی نشست بھی حاصل نہیں کر سکتے، وہ صوبے کی بات کر رہے ہیں۔

انہوں نے مصطفیٰ کمال اور محسن نقوی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سندھ کے ہر شہر میں جائیں اور عوام سے پوچھیں کہ آیا وہ الگ صوبہ چاہتے ہیں یا نہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کے اس بیان میں پی ٹی آئی کی سیاسی حکمت عملی، خیبر پختونخوا میں ممکنہ گورنر راج اور سندھ میں نئے صوبے کے مطالبے پر سیاسی اختلافات نمایاں ہوئے ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں