عمران خان کی صحت سے متعلق خبریں جھوٹ ہیں: خواجہ آصف

فہرستِ مضامین

وزیر دفاع خواجہ آصف نے بانی پاکستان تحریک انصاف کی صحت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی بہن خود واضح کرچکی ہیں کہ وہ بالکل فٹ اور خیریت سے ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن، جو پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر بھی ہیں، اپنے بھائی سے ان کے ذاتی ڈاکٹروں کے ہمراہ ملاقات کرچکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران عمران خان کی بہن نے خود ان کا بلڈ پریشر بھی چیک کیا تھا، جو بالکل معمول کے مطابق تھا۔

خواجہ آصف کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق ان کی بہن اور ذاتی ڈاکٹروں کے بیانات عمران خان کے بعض حامیوں، خصوصاً بیرون ملک موجود مداحوں کو پسند نہیں آئے۔

وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ بعض حلقے ملک میں اضطراب اور بے چینی کی فضا برقرار رکھنا چاہتے ہیں تاکہ احتجاجی سرگرمیوں کو تقویت دی جا سکے اور سیاسی بحران پیدا کرکے حکومت کی تبدیلی کی راہ ہموار کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب یہ توقعات پوری نہ ہوئیں تو اب غیر ملکی میڈیا کے ذریعے بانی پی ٹی آئی کی صحت کو تشویشناک ظاہر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

خواجہ آصف نے ان خبروں کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے غلط تاثر پیدا کرنے کی کوشش بعض لوگوں کی سیاسی ضرورت بن چکی ہے، حالانکہ ان کی بہن خود ان کی صحت سے متعلق صورتحال واضح کرچکی ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں