عوام پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ، حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کر دیا

فہرستِ مضامین

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کرتے ہوئے عوام کو ایک اور مہنگائی کے جھٹکے سے دوچار کر دیا ہے۔ نئے نرخوں کا اطلاق رات 12 بجے سے کر دیا گیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 92 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 414 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد ڈیزل 414 روپے 58 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔

حکام کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں آئندہ ایک ہفتے کے لیے مقرر کی گئی ہیں، جبکہ اضافے کا اطلاق فوری طور پر نافذ کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم لیوی میں بھی نمایاں اضافہ کیا ہے۔ پیٹرول پر فی لیٹر لیوی 103 روپے 50 پیسے سے بڑھا کر 117 روپے 41 پیسے کر دی گئی ہے۔

اسی طرح ڈیزل پر عائد لیوی 28 روپے 69 پیسے سے بڑھ کر 42 روپے 60 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش اور روزمرہ استعمال کی دیگر چیزوں کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ شہریوں نے حکومتی فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں