وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ غزہ میں نسل کشی کے خاتمے کے لیے ہونے والے معاہدے کا اعلان مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن قائم کرنے کا ایک تاریخی موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے بات چیت اور مشاورت کے پورے عمل کے دوران قیادت نے دنیا کے امن کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم اور وعدے کی عکاسی کی ہے۔
وزیراعظم نے قطر، مصر اور ترکی کے دانا اور ثابت قدم رہنماؤں کو بھی سراہا جنہوں نے معاہدے تک پہنچنے میں انتھک کوششیں کیں اور اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ سب سے بڑھ کر ہمیں فلسطینی عوام کو خراجِ تحسین پیش کرنا چاہیے جنہوں نے بے مثال تکالیف برداشت کیں ایسی تکالیف جو دوبارہ کبھی نہیں دوہرائی جانی چاہییں۔
وزیراعظم نے مسجدِ اقصیٰ میں حالیہ اشتعال انگیز کارروائیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو چاہیے کہ قابض اور غیر قانونی آبادکاروں کو جوابدہ ٹھہرائے اور ایسی تمام حرکات کو روکے جو صدر ٹرمپ کی کشیدگی کم کرنے اور پائیدار امن کی کوششوں کو نقصان پہنچاتی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے شراکت داروں، دوستوں اور برادر ممالک کی قیادت کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا تاکہ فلسطینی عوام کے لیے امن، سلامتی اور وقار کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور ان کی خواہشات کے مطابق یقینی بنایا جا سکے۔