سرکاری افسر شاہی سے متعلق ایک اہم انکشاف سامنے آیا ہے، جس کے مطابق 33 اعلیٰ ریٹائرڈ افسران ریٹائرمنٹ کے بعد بیرون ملک منتقل ہوچکے ہیں اور ان میں سے بعض غیر ملکی کرنسی میں پنشن وصول کررہے ہیں۔
وزارت خارجہ نے بیرون ملک مقیم ریٹائرڈ سرکاری افسران سے متعلق تفصیلات پارلیمنٹ میں پیش کردی ہیں۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق مختلف حکومتی اداروں سے ریٹائر ہونے والے 33 افسران اس وقت بیرون ملک مقیم ہیں۔ حکومت پاکستان ان میں سے غیر ملکی کرنسی میں پنشن حاصل کرنے والے افسران کو مجموعی طور پر سالانہ 34 کروڑ 21 لاکھ روپے ادا کرتی ہے۔
دستاویز کے مطابق بیرون ملک مقیم بعض ریٹائرڈ افسران کو پنشن متعلقہ ملک کی کرنسی میں ادا کی جاتی ہے، جبکہ کچھ ممالک میں مقیم سابق افسران کو پاکستانی روپے میں بھی پنشن کی ادائیگی کی جاتی ہے۔
تاہم وزارت خارجہ کے پاس پاکستانی کرنسی میں پنشن وصول کرنے والے بیرون ملک مقیم ریٹائرڈ افسران کی مجموعی تعداد کے اعداد و شمار موجود نہیں ہیں۔
اس انکشاف کے بعد بیرون ملک منتقل ہونے والے ریٹائرڈ افسران کو پنشن کی ادائیگی اور اس کے طریقہ کار سے متعلق حکومتی پالیسی بھی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔