فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے پہلے کوارٹر فائنل میں فرانس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مراکش کو 2-0 سے شکست دے دی اور سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
بوسٹن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں فرانسیسی ٹیم نے آغاز ہی سے کھیل پر مکمل گرفت برقرار رکھی۔ پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں، اگرچہ فرانس کو ایک پینلٹی بھی ملی، تاہم کپتان کیلیان ایمباپے کی شاٹ مراکش کے گول کیپر نے بہترین انداز میں روک دی۔
وقفے کے بعد فرانس نے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف چھ منٹ کے اندر میچ کا نقشہ بدل دیا۔ 60ویں منٹ میں ایمباپے نے شاندار گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی، جبکہ 66ویں منٹ میں عثمان ڈیمبیلے نے خوبصورت گول اسکور کرکے فرانس کی برتری 2-0 کر دی۔
مراکش نے واپسی کی بھرپور کوشش کی اور 82ویں منٹ میں ملنے والی فری کک سمیت کئی مواقع حاصل کیے، تاہم فرانسیسی گول کیپر نے عمدہ دفاع کرتے ہوئے تمام حملے ناکام بنا دیے۔
میچ کے اختتام پر فرانس نے 2-0 کی کامیابی کے ساتھ مسلسل تیسری بار فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
ایمباپے کا تاریخی کارنامہ
اس میچ میں گول کرنے کے بعد کیلیان ایمباپے کے رواں ورلڈ کپ میں مجموعی گولز کی تعداد 8 ہوگئی۔ اس کے ساتھ ہی وہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے دو مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں 8، 8 گول اسکور کیے۔ اس سے قبل انہوں نے قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2022 میں بھی 8 گول کیے تھے۔