مکہ مکرمہ: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں سعودی عرب میں شہری اور اقتصادی تنصیبات پر ہونے والے حملوں سمیت خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ ملاقات کی تصویر بھی شیئر کی۔
شہزادہ خالد بن سلمان کے مطابق ملاقات کے دوران مکہ معاہدے میں شامل ممالک کے سربراہانِ افواج کے اجلاس کے نتائج کا جائزہ لیا گیا اور اجلاس میں ہونے والی پیش رفت کو سراہا گیا۔
سعودی وزیر دفاع نے بتایا کہ ملاقات میں سعودی عرب کے اندر شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ان کے مطابق دونوں جانب سے ایسے حملوں کا مقابلہ کرنے اور خطے کے امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ملاقات میں دفاعی تعاون، باہمی سلامتی اور خطے میں موجود سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے حوالے سے مشترکہ اقدامات کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔