فیلڈ مارشل عاصم منیر تہران پہنچ گئے، ایرانی وزیر داخلہ سے اہم ملاقات

فہرستِ مضامین

پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم دورے پر ایران پہنچ گئے، جہاں انہوں نے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقات کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی جاری سفارتی اور سیاسی کوششوں کا حصہ ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے پُرامن، دیرپا اور جامع حل کے لیے کوششوں کو آگے بڑھائیں گے۔

تہران میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان سفارتی سطح پر متحرک ہے اور فریقین کے درمیان بات چیت اور امن کی راہ ہموار کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایک روز قبل کہا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ایرانی اور پاکستانی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے تہران پہنچیں گے۔

اسماعیل بقائی کے مطابق یہ دورہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔

پاکستان ماضی میں بھی ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی رابطوں میں کردار ادا کر چکا ہے۔ اسلام آباد نے جون میں دونوں فریقین کے درمیان مفاہمت کی کوششوں میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا، تاہم حالیہ عرصے میں امن مذاکرات میں دوبارہ تعطل پیدا ہوا ہے۔

اس کے باوجود پاکستان نے تنازع کے خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی سفارتی سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ تہران بھی اسی پس منظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ اس سے قبل ایرانی حکام بھی اسلام آباد کے دورے کر چکے ہیں۔

توقع کی جا رہی ہے کہ پاکستانی وفد کے دورے کے دوران علاقائی صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور مشرق وسطیٰ میں جاری بحران کے سفارتی حل سے متعلق اہم امور زیر بحث آئیں گے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں