کھانے کے وقفے میں سلیمان اور قاسم خان کا انٹرویو نشر کیا گیا، پی سی بی نے انگلش بورڈ سے باضابطہ شکایت کردی
لندن: لارڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز کھانے کے وقفے کے دوران سابق پاکستانی کپتان عمران خان کے بیٹوں سلیمان اور قاسم خان کا انٹرویو نشر کیے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی نے انٹرویو نشر کیے جانے کے معاملے پر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) سے باضابطہ شکایت کی ہے۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پی سی بی نے اس معاملے پر احتجاجاً وقفے کے بعد پاکستانی ٹیم کو میدان میں اتارنے میں تاخیر کرنے کے آپشن پر بھی غور کیا، تاہم کچھ دیر کے بعد انٹرویو نشر کردیا گیا۔
انٹرویو انگلینڈ کے سابق کپتان اور موجودہ اسکائی اسپورٹس براڈکاسٹر مائیک ایتھرٹن نے کیا۔ گفتگو کے دوران سلیمان اور قاسم خان نے اپنے والد عمران خان کی صحت اور ان کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا۔
انٹرویو کی نشریات پر پی سی بی کی جانب سے اعتراض کے بعد معاملہ پاکستان اور انگلینڈ کے کرکٹ حکام کے درمیان باضابطہ رابطے کا موضوع بن گیا ہے۔