لاہور میں سمر کیمپ میں افسوسناک حادثہ، چھت گرنے سے بچہ جاں بحق، کئی افراد زخمی

فہرستِ مضامین

لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں قائم ایک نجی اسکول کے سمر کیمپ میں جمعرات کے روز پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں چھت گرنے سے ایک کمسن بچہ جان کی بازی ہار گیا، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کئی بچوں کو ملبے سے بحفاظت نکال لیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق دوپہر تقریباً 12 بج کر 12 منٹ پر ویمن کالج روڈ کے قریب واقع اسکول میں چھت گرنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر سات امدادی گاڑیوں اور 25 اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق زیر تعمیر عمارت کی تیسری منزل کی چھت اچانک زمین بوس ہوگئی۔ حادثے میں 10 سالہ عبداللہ جانبر نہ ہو سکا، جبکہ ندیم، شکیل، فیاض احمد اور وسیم سمیت کئی افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ امدادی کارروائی کے دوران 10 سے زائد بچوں کو ملبے سے محفوظ نکال لیا گیا، تاہم عینی شاہدین کی اطلاع پر ایک اور شخص کے ملبے تلے دبے ہونے کے خدشے کے پیش نظر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری رکھا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ کمرے کی چھت ٹی آر گارڈر سسٹم کے ذریعے تعمیر کی گئی تھی۔

واقعے کا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فوری نوٹس لیتے ہوئے کمشنر لاہور اور ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے جاں بحق بچے کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔

وزیراعلیٰ نے غیر معیاری تعمیرات یا غفلت کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے صوبے بھر کے گنجان آباد علاقوں میں قائم اسکولوں کی عمارتوں کا فوری سیفٹی آڈٹ کرانے کی بھی ہدایت کی۔

دوسری جانب وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی سے رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومتی پابندی کے باوجود سمر کیمپ کی کلاسیں کیوں جاری تھیں اور اس معاملے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جائے گا۔

یہ حادثہ چند روز قبل لاہور کے علاقے کاہنہ میں پیش آنے والے المناک واقعے کے بعد سامنے آیا ہے، جہاں ایک رہائشی عمارت میں قائم ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے متعدد بچے جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے تھے، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے تحقیقات شروع کرتے ہوئے متعلقہ افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا تھا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں