لاہور میں ایک افسوسناک حادثے کے نتیجے میں رہائشی مکان کی چھت گر گئی، جس کے باعث ملبے تلے دب کر 10 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ باغبانپورہ، سکھ نہر کے قریب پیش آیا، جہاں چھت اچانک منہدم ہونے سے متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ ملبہ ہٹانے اور مزید متاثرین کی تلاش کا عمل جاری ہے۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دریں اثنا، فیصل آباد میں بھی بارش کے دوران ایک مکان کی چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے، جس سے حالیہ بارشوں کے دوران عمارتوں کی خستہ حالی پر ایک بار پھر تشویش بڑھ گئی۔