لاہور میں 9 مئی کے واقعات سے متعلق ایک اور اہم مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے انسدادِ دہشتگردی عدالت نے متعدد سیاسی رہنماؤں کو قید کی سزائیں سنا دیں جبکہ ایک سینئر رہنما کو بری کر دیا گیا۔
انسدادِ دہشتگردی عدالت لاہور کے جج منظر علی گل نے یہ محفوظ فیصلہ کوٹ لکھپت جیل میں سنایا۔ مقدمہ 9 مئی کو پولیس کی گاڑیوں کو جلانے کے واقعے سے متعلق تھا، جسے ریاستی اداروں نے دہشتگردی کے زمرے میں رکھا تھا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں میں شامل محمود الرشید, عمر سر فراز چیمہ, اعجاز چوہدری اور یاسمین راشد کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ مذکورہ رہنماؤں کے خلاف پیش کیے گئے شواہد کی بنیاد پر انہیں جرم کا مرتکب پایا گیا، جس کے بعد ان پر سخت سزا عائد کی گئی۔
دوسری جانب اسی مقدمے میں نامزد پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو عدالت نے بری کر دیا۔ عدالت کے مطابق ان کے خلاف الزامات ثابت نہیں ہو سکے۔
یہ فیصلہ 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات سے متعلق جاری قانونی کارروائیوں کا حصہ ہے، جن میں ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کے دوران سرکاری و عسکری تنصیبات اور املاک کو نقصان پہنچانے کے متعدد مقدمات زیرِ سماعت ہیں۔
عدالتی فیصلے کے بعد اس مقدمے میں سزا اور بریت دونوں سامنے آنے سے سیاسی اور قانونی حلقوں میں ایک نئی بحث شروع ہو گئی ہے، جبکہ مزید مقدمات میں فیصلوں کا انتظار کیا جا رہا ہے۔