اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے مختلف علاقوں میں جاری بجلی کی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی علاقے میں 2 گھنٹے سے زیادہ بجلی بند نہ کی جائے۔
وزیراعظم کی زیرِ صدارت ملک میں بجلی کی لوڈ مینجمنٹ سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں مختلف شہروں میں بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ اور بجلی کی طلب و رسد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بعض علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بجلی کی بندش کا دورانیہ ہر صورت محدود رکھا جائے۔
اجلاس میں موجودہ علاقائی صورتحال کے باعث آر ایل این جی کی فراہمی میں درپیش مشکلات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور ترسیلی مسائل کے باعث آر ایل این جی کی فراہمی متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں بجلی کی پیداوار میں کمی آئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی کی طلب اور رسد میں توازن برقرار رکھنے کے لیے لوڈ مینجمنٹ کرنا پڑ رہی ہے۔
وزیراعظم نے آر ایل این جی کی ترسیل میں تعطل سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات اور دستیاب تمام وسائل مؤثر انداز میں استعمال کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ کسی بھی علاقے میں 2 گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ نہیں ہونی چاہیے۔
عوامی شکایات کے ازالے کے لیے کمیٹیاں قائم کرنے کا حکم
اجلاس میں وزیراعظم نے بجلی صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے تمام ڈسکوز کی سطح پر کنزیومر گریوینس ریڈریسل کمیٹیاں قائم کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ان کمیٹیوں میں عوامی نمائندگی بھی یقینی بنائی جائے اور انہیں ایک ہفتے کے اندر فعال کیا جائے۔
حکومت کے مطابق کمیٹیوں کا مقصد بجلی صارفین کی شکایات کا فوری ازالہ اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے نظام میں عوامی جوابدہی کو بہتر بنانا ہے۔