سینٹ پیٹرزبرگ/فلوریڈا ( ڈبلیو ٹی این مانیٹرنگ ) امریکی ریاست فلوریڈا کی پولیس اب بھی پروفیشنل ریسلنگ کے لیجنڈ ہلک ہوگن کی گزشتہ ماہ ہونے والی موت کی تحقیقات کر رہی ہے، حالانکہ میڈیکل ایگزامینر نے ان کی موت کو قدرتی قرار دیا ہے اور وجہ دل کا دورہ بتائی گئی ہے۔
کلیئرواٹر پولیس ڈیپارٹمنٹ نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ اس کیس کی انوکھی نوعیت کی وجہ سے ہمیں متعدد گواہوں سے انٹرویوز لینے پڑے ہیں اور مختلف میڈیکل اداروں سے طبی ریکارڈ حاصل کرنا پڑ رہے ہیں، اور ہمارے تفتیشی افسران یہ عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ہلک ہوگن کی موت 24 جولائی کو 71 برس کی عمر میں ہوئی تھی، جب طبی عملہ اور پولیس کلیئرواٹر میں واقع ان کے سمندر کنارے گھر پر ایک 911 کال کے بعد پہنچے۔ تاہم ابھی تک نہ تو وہ کال عوام کے سامنے لائی گئی ہے اور نہ ہی پولیس باڈی کیمرہ کی ویڈیو جاری کی گئی ہے، کیونکہ تفتیش جاری ہے۔
کیس بند کرنے کا عندیہ
پولیس کا کہنا ہے ایسی چیزیں وقت لیتی ہیں۔ جب تک تفتیش مکمل نہیں ہوتی، اس کیس سے متعلق کوئی ریکارڈ، بشمول باڈی کیمرہ فوٹیج، جاری نہیں کیا جا سکتا، اگرچہ پولیس پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ موت میں کسی مجرمانہ پہلو کا کوئی ثبوت نہیں ملا، لیکن پھر بھی تفتیش جاری ہے
میڈیکل ایگزامینر کی رپورٹ کے مطابق، ہلک ہوگن کو ماضی میں لیوکیمیا (خون کا سرطان) اور ایٹریل فیبریلیشن (دل کا عارضہ لاحق تھا، اور ان کی موت کی وجہ قدرتی قرار دی گئی ہے۔
پولیس کا مزید کہنا تھا ہم جلد ہی ان کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے تاکہ انہیں تفتیش کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا جا سکے، اور کیس کو بند کرنے اور میڈیا کو رپورٹ جاری کرنے سے قبل تمام تفصیلات ان سے شیئر کی جائیں گی۔ تاحال نتائج کے عوامی سطح پر اجراء کے لیے کوئی وقت مقرر نہیں کیا گیا۔
ہلک ہوگن کون تھے
ہلک ہوگن کو ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ کا سب سے بڑا سپر اسٹار قرار دیا جاتا تھا، وہ اپنے دلیرانہ انداز اور رنگ کے اندر شاندار کارکردگی کے لیے جانے جاتے تھے۔
وہ 1975 میں پہلے ریسلر مانیا (WrestleMania ) کے مرکزی ستارے تھے، انہوں نے اینڈری دے گیانٹ، رینڈی سیواگ، دی راک اور ونس مکموہن جیسے عظیم ریسلرز کے ساتھ مقابلے کیے۔
ہلک ہوگن 6 مرتبہ ڈبلیو ڈبلیو ای کے چیمپئن بنے، 2005 میں ہال آف فیم میں شامل ہوئے، 2015 میں نسلی جملے استعمال کرنے پر نکالے گئے، تاہم 2018 میں دوبارہ شامل کر لیا گیا۔
موت کے بعد کیا ہوا؟
ہلک ہوگن کی تدفین کے بجائے تدفین کے لیے آخری رسومات اور نجی تقریب 5 اگست کو لارو، فلوریڈا کے ایک چرچ میں ادا کی گئی۔انہیں جلایا جانا تھا، مگر ابھی واضح نہیں کہ یہ عمل مکمل ہوا یا نہیں۔
ان کی بیٹی بروک ہوگن نے انسٹاگرام پر بتایا کہ خاندان کے کچھ سوالات کی وجہ سے کریمیشن مؤخر کر دی گئی ہے۔ اگر ضروری ہوا تو میں خود سے پوسٹ مارٹم کے اخراجات ادا کرنے کے لیے تیار ہوں، کیونکہ میرے والد کی عزت اور وراثت اس کی مستحق ہے۔
یہ واقعہ ایک عالمی سطح کے اسٹار کی موت کے گرد شکوک و شبہات کو جنم دے رہا ہے، اور یہ دیکھنا باقی ہے کہ پولیس تفتیش کا انجام کیا نکلتا ہے۔