لیجنڈ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے جارجینا روڈریگز سے منگنی کرلی

فہرستِ مضامین

لیجنڈ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو 9 سال کی طویل رفاقت کے بعد اپنی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز سے باالآخر منگنی کر لی ہے اور اسے شادی کی پیشکش بھی کی ہے۔

31 سالہ  ہسپانوی ماڈل جارجینا روڈریگز نے 40 سالہ کرسٹیانو رونالڈو کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی ہے، جس میں ان کا ہاتھ رونالڈو کے ہاتھ پر رکھا ہوا ہے اور ان کی انگلی میں بڑی سی ہیرے کی انگوٹھی نمایاں  نظر آرہی ہے۔

جارجینا روڈریگز نے تصویر کے کیپشن میں لکھا ہے کہ میں ہاں کرتی ہوں، اس زندگی میں بھی اور اپنی تمام زندگیوں میں بھی۔

کرسٹیانو رونالڈو کی جارجینا کے ساتھ پہلی ملاقات 2016 میں میڈرڈ کے گُچی اسٹور میں ہوئی تھی، جہاں جارجینا ملازمت کر رہی تھیں۔اس وقت سے لے کر اس جوڑے کی مثالی رفاقت اور رومانس جاری ہے۔

منگنی کی مہنگی ترین انگوٹھی

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو نے جارجینا کو اوول کٹ ڈائمنڈ انگوٹھی کے ساتھ پروپوز کیا، جس کی مالیت 4 ملین امریکی ڈالرز سے بھی زیادہ بتائی جا رہی ہے۔

جارجینا روڈریگز کی منگنی کی انگوٹھی ایک دلکش اوول کٹ ہیرے پر مشتمل ہے جو ایک نفیس بینڈ پر جڑی ہوئی ہے۔ہسپانوی میڈیا کے مطابق جیولری ماہرین کا اندازہ ہے کہ یہ پتھر 10 سے 15 قیراط وزنی ہے اور اس کی مالیت 10 سے 50 لاکھ ڈالر کے درمیان ہے۔

بعض جیولری ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ انگوٹھی 25 سے 30 قیراط وزنی ہے، جبکہ مختلف ذرائع نے اس کی قیمت 20 لاکھ سے 50 لاکھ ڈالر کے درمیان بتائی ہے، جو اس کی شفافیت اور ڈیزائن پر منحصر ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب جارجینا روڈریگز کی جانب سے انگوٹھی کی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ہے۔

اس سے قبل بھی انہوں نے متعدد بار  انگوٹھی کی تصاویر کے ساتھ مبہم کیپشن شیئر کیے ہیں،جس کے باعث ان دونوں کی منگنی کی خبریں گردش کرنے لگی تھیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رونالڈو نے 2020  میں جارجینا روڈریگز کو معروف برانڈ کارٹیئر کی انگوٹھی دی تھی، جس کی قیمت تقریباََ  6 سو 15 ہزار پائونڈز ہے۔

شادی سے پہلے ہی دو بچیوں کی پیدائش

منگنی اور شادی سے پہلے ہی رونالڈو اور روڈریگز کی دو بچیاں بھی ہیں، جبکہ روڈریگز، رونالڈو کے دیگر تین بچوں کی پرورش میں بھی ان کی مدد کر رہی ہیں۔ 2022  میں دونوں کے نوزائیدہ جڑواں بچوں میں سے ایک لڑکے کا انتقال ہوگیا تھا۔

رونالڈو اور روڈریگز کی دونوں بیٹیوں میں ایک سات سالہ عالیانہ اور دوسری دو سالہ بیلا ہیں، جبکہ رونالڈو کے مجموعی طور پر پانچ بچے ہیں۔

ریال میڈرڈ اور مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق اسٹار رونالڈو اس وقت سعودی عرب کے کلب النصر کے لیے کھیل رہے ہیں۔انہوں نے حال ہی میں سعودی کلب کے ساتھ دو سال کی مدت کے لیے 2027 کی گرمیوں تک کا معاہدہ بڑھایا ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں