اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارچ اور دھرنے ختم کیے جائیں تو حکومت بات چیت کے لیے تیار ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ڈھائی سال کی مسلسل محنت اور ٹیم ورک کے نتیجے میں ملکی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا گیا، جبکہ میکرو اکنامک استحکام بڑی محنت سے حاصل ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا پوری قوم کی خواہش ہے، تاہم بدقسمتی سے مذاکرات کو کامیاب بنانے کی حکومت کی کوششیں نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایک جانب ملک میں ترقی اور خوشحالی کا عمل جاری ہے، تو دوسری جانب احتجاج اور دھرنوں کے باعث برآمدات، درآمدات اور صنعتی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ احتجاجی سیاست کا پہلا اثر ملکی معیشت پر پڑے گا۔
انہوں نے پی ٹی آئی سے اپیل کی کہ دھرنوں اور احتجاج کی سیاست ختم کی جائے اور ملکی مفاد کو ترجیح دی جائے۔
وزیراعظم نے سوال اٹھایا کہ کیا ترقی کے پہیے کو دوبارہ جام کرنا ملک کے مفاد میں ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہوش کے ناخن لینے کی ضرورت ہے، کیا آپ پاکستان کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں؟
شہباز شریف نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی مارچ اور دھرنے ختم کرے گی تو حکومت اس کے ساتھ مذاکرات کرے گی۔