اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور جمعیت علمائے پاکستان (جے یو پی) کے سیکریٹری جنرل علامہ اویس نورانی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملک میں شرپسند اور انتہاپسند عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی پر اتفاق کیا گیا، ساتھ ہی اس امر کی یقین دہانی کرائی گئی کہ کسی بے گناہ شہری یا مدرسے کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور قومی اتحاد کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی۔ علامہ اویس نورانی نے حکومت کو یقین دہانی کرائی کہ پائیدار امن، بھائی چارے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے وہ اور ان کی جماعت بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ:
“قائداعظم کا پاکستان امن، رواداری اور اعتدال پر مبنی ریاست ہے، یہاں بدامنی اور انتشار کی کوئی گنجائش نہیں۔ جو ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھائے گا، اس سے سختی سے نمٹا جائے گا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ علمائے کرام نے ہمیشہ صبر و تحمل اور رواداری کا درس دیا ہے، اور دینی مدارس دینی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جسے مزید مؤثر اور مثبت بنانے کی ضرورت ہے۔