محمد عامر کے لیے پاکستان کی نمائندگی کا باب کیوں بند ہوگیا؟

فہرستِ مضامین

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ سے قبل قومی ٹیم میں واپسی سے متعلق تمام قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ پاکستان کرکٹ کے ساتھ ان کا باب اب بند ہوچکا ہے۔

ایک انٹرویو میں محمد عامر نے بتایا کہ وہ اب برطانوی شہری ہیں اور انگلینڈ میں انہیں ’لوکل پلیئر‘ کا درجہ حاصل ہے، جس کے باعث ان کے لیے دوبارہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ممکن نہیں رہا۔

سابق فاسٹ بولر نے سپورٹس یوٹیوبر محمد فرقان بھٹی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ میں کاؤنٹی چیمپئن شپ اور ’دی ہنڈرڈ‘ سمیت مختلف ڈومیسٹک مقابلوں میں لوکل کھلاڑی کے طور پر شرکت کے لیے ایک دستاویز پر دستخط کرنا ہوتے ہیں۔

ان کے مطابق اس دستاویز میں کھلاڑی اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ وہ کسی دوسرے ملک کی جانب سے لوکل پلیئر کی حیثیت سے نمائندگی نہیں کرے گا۔ محمد عامر نے کہا کہ برطانوی شہری بننے کے بعد ان کے لیے پاکستان کی نمائندگی کا سابقہ باب بند ہوچکا ہے۔

محمد عامر نے کہا، ”میں اب برطانوی ہوں، اس لیے پاکستان کا جو باب پہلے تھا، وہ اب بند ہوچکا ہے۔“

دو مرتبہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ

34 سالہ محمد عامر نے دسمبر 2024 میں دوسری مرتبہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ اس سے قبل انہوں نے 2020 میں بھی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی، تاہم 2024 کے ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی تھی۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 62 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے اور مجموعی طور پر 271 وکٹیں حاصل کیں۔

ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی میں نمایاں کارکردگی

محمد عامر 2009 میں ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ تھے۔ اس کے علاوہ 2017 کی چیمپئنز ٹرافی میں بھی انہوں نے پاکستان کی تاریخی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

بھارت کے خلاف چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں محمد عامر نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 16 رنز کے عوض 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی وکٹوں میں روہت شرما، شیکھر دھون اور ویرات کوہلی شامل تھے۔

2019 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں بھی محمد عامر پاکستان کے کامیاب ترین بولر رہے، جہاں انہوں نے 8 میچز میں 17 وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ میں لوکل، پی ایس ایل میں غیرملکی کھلاڑی

برطانوی شہریت حاصل کرنے کے بعد محمد عامر کو انگلینڈ کی ڈومیسٹک کرکٹ میں لوکل کھلاڑی کی حیثیت سے کھیلنے کا موقع حاصل ہے۔ تاہم پاکستان سپر لیگ میں ان کی شرکت غیرملکی کھلاڑی کے طور پر ہی ممکن ہوگی۔

محمد عامر کے حالیہ بیان کے بعد 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ سے قبل ان کی پاکستان ٹیم میں واپسی کی تمام قیاس آرائیوں کا بھی خاتمہ ہوگیا ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں