اسلام آباد اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث سکیورٹی صورتِ حال مزید سخت ہو گئی ہے، جڑواں شہروں میں سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ لاہور اور اسلام آباد کے تمام اہم داخلی و خارجی راستے دوسرے روز بھی بند ہیں۔
اسلام آباد میں ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ موبائل انٹرنیٹ سروس بھی تاحال معطل ہے۔ ڈی چوک، میریٹ چوک، سرینا چوک، زیرو پوائنٹ، سری نگر ہائی وے سمیت متعدد شاہراہیں بند ہیں۔ صرف مارگلہ روڈ کو چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھولا گیا ہے۔
میٹرو بس اور دیگر لوکل ٹرانسپورٹ بھی معطل ہے۔ مری روڈ، جی ٹی روڈ، موٹروے (فتح جنگ انٹرچینج سمیت) اسلام آباد کی طرف بند ہے، جبکہ اڈیالہ روڈ فلائی اوور، پشاور روڈ، سواں پل بھی بند ہیں۔
لاہورمیں سڑکیں کنٹینر لگا کر بند کردی گئیں، شہری پریشان
لاہور میں بھی سگیاں پل، راوی پل، پرانا راوی پل اور بابو صابو سمیت متعدد مقامات پر کنٹینرز لگا کر راستے بند کر دیے گئے ہیں۔ لاہور پریس کلب اور ملحقہ علاقوں میں بھی شہری شدید پریشان ہیں۔ لاہور اور اسلام آباد کے درمیان موٹروے دونوں طرف سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔
گجرات، سیالکوٹ، وزیر آباد، خانکی، کھاریاں، سرائے عالمگیر اور خانپور ہزارہ سمیت کئی شہروں میں جی ٹی روڈ کو جگہ جگہ خندقیں کھود کر یا کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا ہے۔ دریائے چناب پل پر بھی رکاوٹیں کھڑی ہیں۔
سیالکوٹ ایئرپورٹ جانے والے راستے، لاہور-سیالکوٹ موٹروے، اور ایم فور موٹروے بھی بند کر دی گئی ہے۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کو ملانے والی جی ٹی روڈ کو بھی مکمل طور پر بلاک کر دیا گیا ہے۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ، ڈسکہ اور دیگر شہروں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، جبکہ شہریوں کو متبادل راستے استعمال کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔
جڑواں شہروں میں راستے سیل، تجارتی سرگرمیاں معطل، میٹرو سروس بند
اسلام آباد اور راولپنڈی میں مختلف شاہراہوں اور چوراہوں کو بند کیے جانے کے باعث کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو چکی ہیں۔
راولپنڈی ایکسپریس وے، فیض آباد انٹرچینج، اور آئی جی پی روڈ سمیت متعدد اہم راستے مکمل طور پر سیل کر دیے گئے ہیں۔ فیض آباد، کھنہ پل، کری روڈ اور ڈھوک کالا خان جانے والے راستے بھی بدستور بند ہیں، جبکہ وارث خان، کمیٹی چوک، سکستھ روڈ، شمس آباد اور ایران روڈ سمیت کئی علاقوں میں رکاوٹیں کھڑی کر کے آمدورفت معطل کر دی گئی ہے۔
صدر، راول روڈ، شاہین چوک اور پرانے ایئرپورٹ کی سمت سے آنے والے راستے بھی مکمل بند ہیں۔ اسلام آباد کی جانب جانے والی بیشتر سڑکوں پر کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں اور ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ صرف مارگلہ روڈ آمد و رفت کے لیے کھلی ہے۔
انتظامیہ نے راولپنڈی میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے، جبکہ ایئرپورٹ جانے والے تمام راستے بھی کنٹینرز لگا کر بند کیے گئے ہیں، جس کی وجہ سے کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔
دوسری جانب جڑواں شہروں میں انٹرنیٹ سروس دوسرے روز بھی معطل ہے، تعلیمی ادارے بند ہیں، اور میٹرو بس سروس بھی تاحال بحال نہیں کی جا سکی۔ فیض آباد کے مقام پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور اردگرد کے ہوٹلز کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔