وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر نے انکشاف کیا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان معمولی اختلاف یا جھگڑے کی صورت میں صلح کے لیے پہل عموماً مریم نواز کی جانب سے ہوتی ہے۔
کیپٹن (ر) صفدر نے ایک حالیہ یوٹیوب انٹرویو میں سیاسی معاملات کے ساتھ اپنی نجی زندگی سے متعلق بھی گفتگو کی اور مریم نواز کے ساتھ ازدواجی تعلق کے مختلف پہلو بیان کیے۔
اپنی اہلیہ سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ مریم نواز پر حکم نہیں چلاتے بلکہ دونوں کے درمیان ادب، احترام اور عزت کا رشتہ ہے۔
کیپٹن (ر) صفدر کے مطابق ان کی اور مریم نواز کی شادی کو 35 سال ہوچکے ہیں، جبکہ ان کے تین بچے اور نواسے نواسیاں بھی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ پنجاب کابینہ کا حصہ کیوں نہیں بنے۔ ان کے بقول جب وزیراعلیٰ مریم نواز کابینہ کے اجلاس میں آتی ہیں تو تمام ارکان کو احتراماً کھڑا ہونا پڑتا ہے، اس لیے وہ کابینہ کا حصہ نہیں بنے۔
مریم نواز سے جھگڑے کے حوالے سے سوال پر کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ دونوں کے درمیان ہونے والے اختلافات بہت معمولی نوعیت کے ہوتے ہیں اور ایسی صورتحال میں صلح کے لیے پیش رفت مریم نواز کی جانب سے ہی ہوتی ہے۔
گھریلو زندگی کا ایک دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جب گھر میں کوئی میٹھی چیز آتی ہے تو مریم نواز اسے چھپانے کا کہتی ہیں، کیونکہ ان کے بقول صفدر ساری مٹھائی کھا جائیں گے اور پھر طبیعت خراب ہوجائے گی۔
کیپٹن (ر) صفدر کی گفتگو کا یہ حصہ سوشل میڈیا پر بھی دلچسپی کا باعث بن رہا ہے، جہاں ان کے سیاسی بیانات کے ساتھ نجی زندگی سے متعلق تبصروں پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔