واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی صورتحال کو انتہائی خراب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں معلوم نہیں کہ ایران اس وقت ہتھیار ڈالنے والا ہے یا نہیں۔
وائٹ ہاؤس میں مصنوعی ذہانت کے شعبے سے وابستہ رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی صورتحال پر تبصرہ کیا۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران کی صورتحال بہت خراب ہے، معلوم نہیں کہ وہ ابھی ہتھیار ڈالنے والے ہیں یا نہیں۔
ٹرمپ نے شمالی کوریا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب تک وہ صدر ہیں، شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن ٹھیک رہیں گے۔
مصنوعی ذہانت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ امریکا کو اے آئی کے میدان میں نمایاں برتری حاصل ہے اور وہ اس برتری کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔
ٹرمپ نے ٹیکنالوجی عہدیداروں کے ساتھ مصنوعی ذہانت سے متعلق ایک دستاویز پر دستخط بھی کیے۔ انہوں نے اسے تحفظ کی ایک شکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اے آئی کی نگرانی کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔
امریکی صدر کے مطابق اے آئی کے شعبے میں خود احتسابی کا ایک مؤثر عمل جاری ہے اور اس شعبے سے وابستہ رہنما اس کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملاقات کے دوران ڈیٹا سینٹرز کے قیام کے لیے موزوں مقامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جن علاقوں میں ڈیٹا سینٹرز تعمیر ہوں گے، وہاں کے لوگوں کو مالی طور پر نمایاں فائدہ پہنچے گا۔