اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کی سالانہ شرح 11.53 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق تازہ رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران 20 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 21 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مرغی 7.25 فیصد اور لہسن 1.85 فیصد مہنگا ہوا، جبکہ دال چنا کی قیمت میں 1.30 فیصد اضافہ ہوا۔
اسی طرح ایل پی جی 1.17 فیصد، انڈے 0.72 فیصد، جبکہ چاول 0.55 فیصد مہنگے ہوئے۔
دوسری جانب ہفتہ وار بنیادوں پر ڈیزل کی قیمت میں 3.43 فیصد، کیلے میں 1.52 فیصد اور چینی میں 1.05 فیصد کمی ہوئی۔ آلو 0.96 فیصد، پٹرول 0.65 فیصد اور دال مونگ 0.63 فیصد سستی ہوئی۔
سالانہ بنیادوں پر کون سی اشیاء مہنگی ہوئیں؟
ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر پیاز کی قیمت میں 114.20 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی عرصے میں ایل پی جی 66.59 فیصد اور بجلی کے چارجز 58.59 فیصد مہنگے ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں سالانہ بنیادوں پر 44.50 فیصد جبکہ پٹرول کی قیمت میں 44.05 فیصد اضافہ ہوا۔
گندم کا آٹا سالانہ بنیادوں پر 32.65 فیصد اور مرچ پاؤڈر 15.55 فیصد مہنگا ہوا۔
کئی اشیاء سالانہ بنیادوں پر سستی بھی ہوئیں
ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر ٹماٹر کی قیمت میں 45.52 فیصد اور آلو کی قیمت میں 39.54 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح چینی 21.95 فیصد، انڈے 17.47 فیصد اور نمک پاؤڈر 14.81 فیصد سستا ہوا۔