ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں 0.49 فیصد اضافہ، سالانہ شرح 4.57 فیصد تک پہنچ گئی

فہرستِ مضامین

اسلام آباد: ملک بھر میں مہنگائی کا دباؤ برقرار ہے، وفاقی ادارہ شماریات کی جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.49 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سالانہ بنیاد پر مجموعی شرح 4.57 فیصد تک جا پہنچی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے 24 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 8 کی قیمتوں میں کمی اور 19 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق سب سے زیادہ اضافہ ٹماٹر کی قیمت میں ہوا، جو 33.20 فیصد بڑھ گئے۔ پیاز 8.70 فیصد، انڈے 2.18 فیصد اور آٹا 1.42 فیصد مہنگا ہوا۔ اس کے علاوہ چینی، گھی، کوکنگ آئل، آلو اور لہسن کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں چکن کی قیمت میں 6.38 فیصد اور کیلے کی قیمت میں 4.70 فیصد کمی ہوئی، جبکہ پیٹرول، ڈیزل، دالیں اور چاول بھی کچھ سستے ہوئے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ عام صارف کو براہ راست متاثر کر رہا ہے اور فوری اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں