موساد سربراہ نے اپنے ہی دو سینئر افسر کیوں برطرف کر دیے؟

فہرستِ مضامین

اسرائیلی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران میں حکومت کی تبدیلی کے مبینہ منصوبے کی ناکامی کے بعد اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ نے ادارے کے دو سینئر افسران کو ان کے عہدوں سے برطرف کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق برطرف کیے جانے والوں میں موساد کے انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ اور ایران ڈویژن کے سربراہ شامل ہیں، جو ایران سے متعلق حساس آپریشنز اور انٹیلی جنس حکمت عملی کی نگرانی کر رہے تھے۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ دونوں افسران ایک ایسے مبینہ منصوبے کی تیاری اور نگرانی میں شامل تھے، جس کا مقصد ایران کے اندر حکومت مخالف سرگرمیوں کو تقویت دینا اور مختلف گروہوں کے ذریعے ملک گیر احتجاج کو منظم کر کے اسلامی جمہوریہ ایران پر دباؤ بڑھانا تھا۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ منصوبہ اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا اور ایران میں حکومت کے خلاف مطلوبہ عوامی تحریک پیدا نہ ہو سکی۔ اسی ناکامی کے بعد موساد کی قیادت نے دونوں اعلیٰ عہدیداروں کو ان کے عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ کیا۔

اگرچہ اسرائیلی حکام کی جانب سے ان رپورٹس پر باضابطہ طور پر کوئی تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم اسرائیلی میڈیا اسے موساد کے اندر حالیہ برسوں میں ہونے والی اہم انتظامی تبدیلیوں میں سے ایک قرار دے رہا ہے۔

دوسری جانب ایرانی حکام نے بھی ان رپورٹس پر فوری طور پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا، جبکہ اس خبر کی آزاد ذرائع سے تصدیق بھی تاحال سامنے نہیں آ سکی۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں