مون سون کی تباہ کاریاں، ریلوے پل بہہ گیا، ٹرینیں رک گئیں

فہرستِ مضامین

فیروزوالہ: پنجاب کے شہر فیروزوالہ میں ہونے والی شدید مون سون بارش نے معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دیے۔ مختلف علاقے زیرِ آب آ گئے جبکہ ایک نالے میں طغیانی کے باعث ریلوے کا پل بہہ جانے سے لاہور اور فیصل آباد کے درمیان ریل آمدورفت متاثر ہو گئی۔

رپورٹس کے مطابق قلعہ ستار کے قریب نالے میں پانی کا بہاؤ خطرناک حد تک بڑھنے سے ریلوے پل کو شدید نقصان پہنچا اور اس کا بڑا حصہ بہہ گیا، جس کے بعد لاہور سے فیصل آباد جانے والی ٹرین سروس فوری طور پر معطل کر دی گئی۔

ریلوے حکام کے مطابق قراقرم ایکسپریس اور شالیمار ایکسپریس کو عارضی طور پر متبادل روٹ لاہور، رائیونڈ، ساہیوال اور خانیوال کے راستے روانہ کیا جا رہا ہے تاکہ مسافروں کی آمدورفت جاری رکھی جا سکے۔

ادھر بھلے ڈسنوال اور بانیوال کے قریب گزرنے والے نالے میں بھی شدید طغیانی آ گئی، جس کے نتیجے میں حفاظتی بند ٹوٹ گیا اور سیلابی پانی قریبی آبادیوں میں داخل ہو گیا۔

پانی گھروں میں داخل ہونے سے متعدد خاندان محصور ہو گئے، جبکہ کئی افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔

مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ نکاسیٔ آب کے مؤثر انتظامات نہ ہونے کے باعث صورتحال مزید خراب ہوئی۔ ان کے مطابق سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں پانی میں ڈوب گئیں، جبکہ کئی خاندان اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہو گئے۔

ریسکیو اداروں کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور پھنسے ہوئے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق حالیہ بارشوں اور ان سے جڑے حادثات میں اب تک 107 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ مزید بارشوں کے پیشِ نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں