پاکستان کی منیشا علی نے انگولا میں ہونے والے مکسڈ مارشل آرٹس ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طلائی تمغہ اپنے نام کرلیا۔
انٹرنیشنل مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے مطابق منیشا علی نے فائنل میں میزبان ملک انگولا کی فائٹر لیونیلا ازابیل بلائیے کو شکست دی۔
گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی منیشا علی نے مقابلے کے دوسرے راؤنڈ کے اختتام سے صرف 15 سیکنڈ قبل حریف فائٹر کے حملے کا جواب دیتے ہوئے ’’اسٹینڈنگ گیلوٹین‘‘ داؤ کامیابی سے لگایا اور مقابلہ اپنے نام کرلیا۔
آئی ایم ایم اے ایف ورلڈ کپ ایک بین الاقوامی شوقیہ مکسڈ مارشل آرٹس مقابلہ ہے، جس میں دنیا کی 15 بہترین ٹیموں نے شرکت کی۔
آئی ایم ایم اے ایف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر منیشا علی کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فائٹر نے دوسرے راؤنڈ میں گیلوٹین کے ذریعے طلائی تمغہ حاصل کیا۔
منیشا علی کی کامیابی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان میں خواتین فائٹرز کی کھیلوں میں نمائندگی اور مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے۔
لاہور میں قائم ’’بریو جم‘‘ کے مطابق منیشا علی نے ایک سال سے بھی کم عرصے کی تربیت کے بعد عالمی سطح پر طلائی تمغہ حاصل کیا۔ جم انتظامیہ نے انہیں پاکستان بھر کی نوجوان لڑکیوں کے لیے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ مناسب ماحول، عزم اور رہنمائی کے ذریعے نمایاں کامیابیاں حاصل کی جاسکتی ہیں۔