مکہ دفاعی اتحاد کے سیکریٹری جنرل کی شہباز شریف سے اہم ملاقات

فہرستِ مضامین

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کی خودمختاری، دفاع اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہر مشکل وقت میں برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

پاکستان ٹیلی ویژن نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کے پہلے سیکریٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون اور تزویراتی شراکت داری کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کو اتحاد کے سیکریٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر سیکریٹری جنرل نعمان محمود نے وزیراعظم کو مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت دفاعی اور تزویراتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے وضع کردہ حکمتِ عملی سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، دفاع اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کے لیے اس کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو خطے میں امن، اتحاد اور استحکام کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے سعودی عرب کے اپنے دفاع کے جائز حق کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔

حوثیوں کے حملوں کے بعد بھی پاکستان کی حمایت کا اعادہ

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں حوثیوں کے حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہریوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا کسی صورت قابلِ قبول نہیں، کیونکہ ایسے اقدامات علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں سعودی قیادت اور برادر عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ بھی کیا تھا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور تاریخی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ پاکستان سعودی عرب کی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔

ملاقات میں دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر ہونے والی گفتگو دونوں ممالک کے درمیان موجود قریبی تعلقات اور مشترکہ دفاعی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں