مہمند میں خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام، سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن ، 45 سے 50 دہشتگرد ہلاک

فہرستِ مضامین

مہمند: خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع مہمند میں سیکیورٹی فورسز نے فتنہ خوارج کی جانب سے سیز فائر کا فائدہ اٹھا کر کی جانے والی دراندازی کی کوشش کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ حساس اطلاعات پر مبنی اس کامیاب آپریشن میں 45 سے 50 دہشتگرد ہلاک کیے گئے جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے۔

ذرائع کے مطابق خوارج کی ایک بڑی تعداد پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی تھی، جسے پاک فوج نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے نشانہ بنایا۔ آپریشن کے دوران کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا شدید تبادلہ جاری رہا۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ آپریشن مکمل انٹیلیجنس بیسڈ تھا، جس میں خوارج کے ایک منظم گروہ کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کے دوران پاک فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مکمل کلیئرنس آپریشن بھی شروع کر رکھا ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ خطرے کا قلع قمع کیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق یہ کارروائی مہمند کے پہاڑی علاقوں میں کی گئی، جو دہشتگردوں کی دراندازی کے لیے استعمال کیے جاتے رہے ہیں۔ آپریشن کے بعد علاقے میں فضائی نگرانی بھی بڑھا دی گئی ہے۔

یہ حالیہ کارروائی پاکستان کی انسداد دہشتگردی کی حکمت عملی میں ایک بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے، جو سیز فائر کی آڑ میں ہونے والی خفیہ سرگرمیوں کے خلاف ایک واضح پیغام بھی ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں