کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کی آج متوقع قبر کشائی آخری وقت میں مؤخر کر دی گئی۔ اس دوران حکام نے قبر کشائی کے عمل کے لیے تیسرا میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
میر رضا قتل کیس میں مدعی خاندان کے وکیل جبران ناصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے اور دوسرے میڈیکل بورڈ کو ضم کر کے نیا بورڈ بنایا گیا ہے، تاہم متاثرہ خاندان اس نئے بورڈ کو بھی تسلیم نہیں کرتا۔ ان کے مطابق مقتول کے والدین اپنے بیانات تفتیشی افسر کے سامنے ریکارڈ کرا چکے ہیں۔
جبران ناصر کا کہنا تھا کہ نئے میڈیکل بورڈ کے قیام پر مجسٹریٹ کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے اور خاندان کا مؤقف ہے کہ یہ اقدام قابل قبول نہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ قبر کشائی کے عمل میں جان بوجھ کر تاخیر کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقتول کے والد وزیراعلیٰ سندھ سے براہ راست جواب مانگ رہے ہیں، جبکہ کیس میں صرف منتخب ویڈیوز سامنے لائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ عدالت جانے پر گولی کا خول ملا تھا اور خدشہ ظاہر کیا کہ مزید شواہد بھی سامنے آ سکتے ہیں۔
دوسری جانب پہلے سے قائم میڈیکل بورڈ کے کئی ارکان قبرستان پہنچ گئے، کیونکہ انہیں نئے نوٹیفکیشن کے اجرا کی اطلاع نہیں تھی۔ ادھر نئے میڈیکل بورڈ کے دو ارکان موقع پر نہ پہنچنے کے باعث قبر کشائی کی کارروائی شروع نہ ہو سکی اور معاملہ ایک بار پھر مؤخر ہو گیا۔