میر رضا کیس میں نیا موڑ، ڈی این اے میچ کے بعد کیا سامنے آیا؟

فہرستِ مضامین

کراچی: نوجوان تاجر میر رضا علی کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آگئی، میر رضا کے ڈی این اے کے نمونے والدین کے ڈی این اے سے میچ کرگئے ہیں۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق جامعہ کراچی کی کیمیکل لیبارٹری کی رپورٹ بھی متعلقہ ادارے کو موصول ہوگئی ہے، تاہم یہ رپورٹ ڈی این اے ٹیسٹ سے مختلف نوعیت کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میر رضا کی شرٹ کی کیمیائی جانچ مکمل کرلی گئی ہے، جس کے دوران کپڑے پر نمک کے تیزاب کے شواہد ملے ہیں۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق میر رضا کے خون کے نمونے میں بے ہوشی کی دوا کے اجزا بھی پائے گئے ہیں، جبکہ شرٹ کی کمر والی جگہ سے گن شاٹ ریزیڈیو (GSR) بھی ملا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شرٹ کے کمر والے حصے پر GSR کی زیادہ مقدار اس امر کی جانب اشارہ کرتی ہے کہ گولی کمر کی سمت سے لگی۔

تفتیشی ٹیم میں مزید 2 افسر شامل

میر رضا کیس کی تحقیقات کو مزید آگے بڑھانے کے لیے تفتیشی ٹیم میں 2 نئے ارکان شامل کرلیے گئے ہیں۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی ایس پی سراج الدین اور انسپکٹر محمد علی کو تفتیشی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ نئے ارکان کی شمولیت کے بعد کیس کی تفتیش کرنے والی ٹیم 7 رکنی ہوگئی ہے۔

سابق تفتیشی افسر نے عدالت سے مہلت مانگ لی

دوسری جانب کیس کے سابق تفتیشی افسر نے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت سے تحقیقاتی رپورٹ جمع کرانے کے لیے مزید مہلت طلب کرلی۔

سابق تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ کیس کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم اعلیٰ حکام کی جانب سے تفتیشی افسر تبدیل کردیا گیا ہے اور نئے تفتیشی افسر آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہوں گے۔

عدالت نے سابق تفتیشی افسر کی درخواست منظور کرتے ہوئے 15 اگست تک تحقیقاتی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں