میر رضا علی کیس میں پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خود کو شدید دباؤ اور بے بسی کا شکار قرار دے دیا۔
ڈاکٹر سمعیہ سید نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ کراچی میں میڈیکو لیگل سروسز اور پولیس سرجن کی حیثیت سے اپنی چار سالہ ذمہ داری کے دوران انہوں نے خود کو کبھی اتنا بے بس محسوس نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سچ اور انصاف کی تلاش میں انہیں اکثر رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اس بار وہ واقعی تھک چکی ہیں اور حد سے زیادہ تھک چکی ہیں۔
میر رضا علی کیس کے حوالے سے ڈاکٹر سمعیہ سید پہلے ہی ایس پی ایسٹ کو ایک خط لکھ چکی ہیں، جس میں انہوں نے ڈاکٹر اسامہ شیخ کی جانب سے تیار کی گئی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں مبینہ طور پر سنگین خامیوں کی نشاندہی کی تھی۔
پولیس سرجن کے اس تازہ بیان کے بعد میر رضا کیس کی تحقیقات اور پوسٹ مارٹم رپورٹ سے متعلق معاملات مزید اہمیت اختیار کر گئے ہیں، جبکہ کیس میں شفاف تحقیقات اور حقائق سامنے لانے کے مطالبات بھی زور پکڑ رہے ہیں۔