میں ہمیشہ اپنے پیشے اور ناظرین کے احترام کو مقدم رکھتی ہوں

فہرستِ مضامین

سابق ماڈل، اداکارہ اور ٹی وی میزبان فضا علی نے اپنے مارننگ شو کی ایک وائرل کلپ پر ہونے والی حالیہ تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے اور ان کے شوہر سے متعلق منظر کو غلط انداز میں سمجھا گیا اور بغیر مکمل سیاق و سباق کے شیئر کیا گیا۔

انہوں نے منگل کے روز انسٹاگرام اسٹوریز پر جاری اپنے بیان میں اس واقعے کو ایک “ہلکا پھلکا اور غیر منصوبہ بند لمحہ” قرار دیا اور واضح کیا کہ اس کا مقصد کسی کو ناراض یا غیر آرام دہ کرنا نہیں تھا۔ فضا علی نے کہا کہ اس میں کوئی نامناسب پہلو شامل نہیں تھا اور وہ ہمیشہ اپنے پیشے اور ناظرین کے احترام کو مقدم رکھتی ہیں۔

متعلقہ کلپ پیر کے روز نشر ہونے والے پروگرام کے دوران سامنے آیا، جب ان کے شوہر اعجاز خان اچانک شو میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر اعجاز خان نے فضا علی کو کھیل کے انداز میں کندھے پر اٹھا لیا، جبکہ اسٹوڈیو میں موجود ان کی کم عمر بیٹی بھی اس منظر پر ہنستی ہوئی نظر آئی۔

نشریات کے بعد یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جہاں اس پر مختلف ردعمل سامنے آئے۔ بیشتر صارفین نے اسے مزاحیہ قرار دیا، تاہم کچھ افراد نے اسے ٹی وی پروگرام کے لیے نامناسب بھی کہا۔

اس معاملے پر پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے بھی تنقید کرتے ہوئے اسے “افسوسناک” قرار دیا اور کہا کہ اس کے نوجوان ناظرین پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

تنقید کے جواب میں فضا علی نے مؤقف اختیار کیا کہ کلپ کو الگ کر کے دیکھا جا رہا ہے جبکہ شو کا مجموعی انداز اور مقصد اس سے مختلف تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے پورے کیریئر میں پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھتی آئی ہیں اور ایک عوامی شخصیت ہونے کی ذمہ داری سے آگاہ ہیں۔

بعد ازاں ایک اور اسٹوری میں فضا علی نے کہا کہ “لوگ بات کو ضرورت سے زیادہ کھینچ کر اور غلط انداز میں پیش کرتے ہیں، اس لیے اب وہ خاموشی اختیار کر رہی ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا: “اب میں اپنی زندگی اور کام پر توجہ دے رہی ہوں۔”

یہ واقعہ حالیہ دنوں میں ان کے شو سے متعلق ہونے والی آن لائن بحثوں میں ایک اور اضافہ ہے۔ گزشتہ ہفتوں میں بھی فضا علی اس وقت خبروں کی زینت بنیں جب انہوں نے سوشل میڈیا شخصیت ڈاکٹر نبیہا کو اپنے شو میں مدعو کیا، جہاں ازدواجی زندگی سے متعلق گفتگو نے تنازع پیدا کیا۔

اس کے علاوہ ان کی ذاتی زندگی اور اعجاز خان کے ساتھ تعلقات، اور شو میں ان کا شوہر کے کپڑے پہن کر آنا بھی سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنتا رہا ہے، جہاں صارفین ان کے مواد اور انداز پر مسلسل تبصرے کر رہے ہیں

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں