بھارتی ریاست مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والی 30 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر اور ماڈل نِدھی تیواری کی پراسرار موت نے ان کے مداحوں کو صدمے سے دوچار کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نِدھی تیواری کے فیس بک پر تقریباً 9 لاکھ جبکہ انسٹاگرام پر 7 لاکھ سے زائد فالوورز تھے۔ ان کی ویڈیوز کو لاکھوں افراد دیکھتے تھے اور وہ سوشل میڈیا پر نمایاں مقام رکھتی تھیں۔
نِدھی نے 2024 میں ’’مس پریٹی انڈیا‘‘ کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ وہ ماڈلنگ اور اداکاری کے شعبے میں کیریئر بنانے کی کوشش کر رہی تھیں جبکہ ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئیٹر کے طور پر بھی سرگرم تھیں۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے اہلخانہ کو گھر میں نِدھی کی پھندا لگی لاش ملی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔
اہلخانہ کا کہنا ہے کہ واقعے سے کچھ دیر قبل نِدھی کسی شخص سے فون پر بات کررہی تھیں اور بظاہر پریشان دکھائی دے رہی تھیں۔
پولیس کے مطابق نِدھی کی موت سے قبل ہونے والی فون پر گفتگو اور دیگر حالات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ خودکشی ہے یا قتل، اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔