حیدرآباد: تاریخی نیاز اسٹیڈیم کو 20 سال کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیرانتظام دینے کے معاہدے پر دستخط آج نیاز اسٹیڈیم میں ہونے والی تقریب کے دوران کیے جائیں گے۔
مجوزہ معاہدے کے مطابق اسٹیڈیم کی ملکیت حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے پاس ہی رہے گی، تاہم اس کا مکمل انتظامی کنٹرول پی سی بی کو حاصل ہوگا۔
معاہدے کے تحت اسٹیڈیم کے تمام تجارتی حقوق، جن میں ٹکٹنگ، اسپانسرشپ، اشتہارات، نشریاتی حقوق اور پارکنگ شامل ہیں، بھی پی سی بی کے پاس ہوں گے۔
مالی شرائط کے مطابق پی سی بی حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو ماہانہ 10 ہزار روپے کرایہ ادا کرے گا، جو ہر سال کے آغاز پر یا اس سے قبل پیشگی ادا کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ٹکٹ والے کرکٹ میچز کی گیٹ رسیدوں سے حاصل ہونے والے خالص منافع کا 20 فیصد میونسپل کارپوریشن کو دیا جائے گا۔
معاہدے کے مطابق پی سی بی نیاز اسٹیڈیم کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرے گا۔ اس منصوبے میں پچ اور آؤٹ فیلڈ، فلڈ لائٹس، ڈریسنگ رومز، تماشائیوں کے اسٹینڈز، ہاسپیٹیلیٹی باکسز اور پارکنگ کی بہتری شامل ہے۔
اسٹیڈیم کی دیکھ بھال اور انشورنس کی ذمہ داری بھی پی سی بی کی ہوگی، جبکہ بورڈ کو یہاں بین الاقوامی، فرسٹ کلاس اور پاکستان سپر لیگ کے میچز کرانے کا اختیار حاصل ہوگا۔
معاہدے کے تحت پی سی بی حیدرآباد میں اہم کرکٹ میچز لانے کے لیے معقول کوششیں کرے گا، جبکہ ضرورت پڑنے پر اسٹیڈیم یا اس کے کسی حصے کو فرنچائز یا کسی تیسرے فریق کو ذیلی لائسنس پر دینے کا اختیار بھی بورڈ کے پاس ہوگا۔